29 اپریل ، 2012
اسلام آباد … قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ آج ملک کا وزیراعظم اور صدر دونوں سزا یافتہ ہیں، حکمران عوام کی حمایت سے متعلق غلط فہمی میں مبتلا ہیں، عام انتخابات میں پتہ چلے گا عوام کس کے ساتھ ہیں، پی پی کا ایک وزیر 2 دن سے ضرورت سے زیادہ آپے سے باہر ہورہا ہے، رحمان ملک کو 18 سال بعد یہ باتیں کیوں یاد آرہی ہیں۔ مسلم لیگ ن کے رہنما چوہدری نثار علی خان اسلام آباد میں نیوز کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک کی جانب سے شریف برادران پر لگائے جانے والے الزامات سے متعلق ان کا کہنا ہے کہ ن لیگ نے 4 کروڑ 90 لاکھ کا قرضہ لیا مگر دگنا واپس بھی کیا، رحمان ملک کو 18 سال بعد یہ باتیں کیوں یاد آرہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک کا وزیراعظم اور صدر دونوں سزا یافتہ ہیں، صدر زرداری کو سوئس عدالتوں میں سزا سنائی گئی، وزیراعظم نے مستعفی ہونے کی بجائے طوفان کھڑا کردیا، موجودہ حکمران عوام کی حمایت سے متعلق غلط فہمی میں مبتلا ہیں۔ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت عوام کی طاقت سے واپس آئی، زرداری ٹولے کی حالت بہتر سے بہتر ہورہی ہے جبکہ پیپلزپارٹی کے کارکنوں کی حالت بدتر ہوتی جارہی ہے۔ رحمان ملک کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے ان کا کہنا ہے کہ رحمان ملک کی ریپوٹیشن ہمیشہ سے خراب اور بدبو دار ہے، ان پر تو ان کے گھر والے بھی اعتبار نہیں کرتے، رحمان ملک وزیر داخلہ اس لئے ہیں کہ وہ سب سے بڑے نوسرباز ہیں، انہیں تو پیپلزپارٹی کے وزیر بھی جھوٹا کہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی پیپلزپارٹی کی چوری پکڑی جاتی ہے پرانی چیزیں نکال لاتے ہیں، 93 اور 97 کے دوران مسلم لیگ ن کو تقسیم کرنے کی کوشش کی گئی۔