01 فروری ، 2015
لاہور.....لاہور کے علاقے شفیق آباد میں تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی نے دو کمسن بھائیوں کو کچل کر ہلاک کر دیا۔ واقعہ کے خلاف بچوں کے ورثا اور اہل علاقہ نے احتجاج کرتے ہوئے بند روڈ کو بلاک کر دیا۔شفیق آباد کے علاقے امین پارک نمبر دو کی آبادی میں تین بچے گھر کے باہر کھیل رہے تھے، اچانک اینٹوں سے بھری ایک تیز رفتار ٹریکٹر ٹرالی بے قابو ہو کر دیوار توڑتے ہوئے مکان کے اندر گھس گئی ۔گھر کے باہر کھیلتا آٹھ سالہ محمد علی اور اس کا ایک سالہ بھائی حسن موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ جبکہ ان کا دوست 7 سالہ فہد زخمی ہو گیا۔ واقعے کےخلاف اہل علاقہ سراپا احتجاج بن گئے، انہوں نے بند روڈ پر مظاہرہ کیا اور ٹائر جلا کر روڈ بلاک کر دی۔ صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین موقع پر پہنچ گئے ، ان کی جانب سے انصاف کی یقین دہانی پر مظاہرین نے احتجاج ختم کر دیا۔