01 فروری ، 2015
اسلام آباد.....میٹرو بس منصوبے کے چیئرمین حنیف عباسی نے کہا ہے کہ راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس منصوبہ 31 جنوری کو مکمل نہ ہونے میں عمران خان اور عوامی تحریک کے دھرنوں کا ہاتھ ہے۔ فروری کے آخر تک منصوبہ مکمل کر لیا جائے گا۔ اسلام آباد میں مسلم لیگ ن کے رہنما اور راولپنڈی میٹرو بس منصوبے کے چیئرمین حنیف عباسی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 8 اگست کو دھرنوں سے قبل میٹرو منصوبے پر کام تیز رفتاری سے جاری تھا۔ لیکن دھرنوں نے منصوبے کو بری طرح متاثر کیا۔ دھرنوں کی وجہ سے کنٹینرز لگا کر راستے بند کرنے پڑے جس کے باعث میٹرو بس کے سامان کی ترسیل میں مسائل پیدا ہوئے اور منصوبہ تاخیر کا شکار ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 68 میٹروبسیں جلد ہی کراچی سے راولپنڈی منتقل کر دی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کی لاگت میں اضافہ نہیں ہوا۔ اس موقع پر میٹرو بس کے تکمیل شدہ حصے اور زیرزمین میٹرو بس اسٹیشن کا دورہ بھی کرایا گیا۔