01 فروری ، 2015
اسلام آباد.....وفاقی وزیراطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ بھارت امریکا کی حمایت حاصل کر بھی لے، تب بھی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا مستقل رکن نہیں بن سکتا کیونکہ ہندوستان مسئلہ کشمیر پراقوام متحدہ کی قراردادوں کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے۔ اسلام آباد میں منعقدہ یکجہتی کشمیر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات پرویز رشید نے واضح کیا کہ کشمیر کی آزادی اورحق خود ارادیت پر پوری پاکستانی قوم اور سیاسی قیادت متحد ہے۔ بھارت کشمیری عوام کا حق خود ارادیت تسلیم کیے بغیرامریکی حمایت ملنے کے باوجود سلامتی کونسل کا مستقل رکن نہیں بن سکتا۔جمعیت علمائے اسلام ف کے امیر مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل استصواب رائے میں ہے، جب اسکاٹ لینڈ میں ریفرنڈم ہوسکتا ہے تو پھر کشمیر میں کیوں نہيں ہوسکتا ، یکجہتی کشمیر سیمینار سے خطاب میں آزاد کشمیر کے صدرسردار یعقوب کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر پر جو موقف جنرل راحیل شریف نے اپنایا ، وہی سیاسی قیادت کو بھی اپنانا چاہیے۔ جماعت اسلامی کے رہنما میاں اسلم نے کہا کہ پاکستانی عوام کئی دہائیوں سے بھارتی افواج کے ظلم و جبر کا شکار کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہیں ۔