01 فروری ، 2015
کراچی......ایک طرف ملک بھر میں برفباری جاری ہے ،جس کی وجہ سے بلوچستان ،پنجاب اور سندھ کے شہروں کا موسم بھی سرد ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق مری ،پاراچنار ،مالاکنڈ ڈویژن،گلگت بلتستان اورکشمیر میںمزید برفباری کا امکان ہے جبکہ بلوچستان،پنجاب اور سندھ کے مختلف شہروں میں بارش متوقع ہے۔کرم ایجنسی اور باجوڑ ایجنسی میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے ،سخت سرد موسم میں لوگ آگ تاپ کر خود کو سردی سے بچا رہے ہیں جبکہ چٹ پٹے کھانوں سے بھی لطف اندوز ہو رہے ہیں ۔مالاکنڈ ڈویژن کے علاقوں چترال ،شانگلہ اور کالام میںایک بارپھر برفباری نے دلکش نظاروںکواوربھی رنگین بنا دیاہے۔ہزارہ ڈویژن کے بالائی علاقوں شوگران،ناران،کاغان اور سرن کے پہاڑوں پربرفباری جبکہ میدانی علاقوں میں بارش نے سردی بڑھا دی ہے ۔آزاد کشمیر ،گلگت اور غذر کے شہروں میں بارش اور پہاڑوں پر وقفے وقفے سے برفباری جاری ہے ۔