25 جنوری ، 2012
ایڈیلیڈ…ایڈیلیڈ ٹیسٹ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر بھارت نے آسٹریلیا کے پہلی اننگز کے اسکور 604 رنز کے جواب میں دو وکٹوں کے نقصان پر 61 رنز بنالیے، گوتم گمبھیر 30 اور ٹنڈولکر 12 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں، آسٹریلیا کا اسکور برابر کرنے کیلئے اسے مزید 543 رنز درکار ہیں جبکہ 8 وکٹیں ابھی باقی ہیں۔سہواگ 18 اور ڈریوڈ صرف ایک رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ہلفنہاس اور سڈل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل آسٹریلیا نے 604 رنز سات کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ڈکلیئر کردی تھی۔پونٹنگ اور مائیکل کلارک نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ڈبل سنچریاں مکمل کیں۔ پونٹنگ 221 جبکہ مائیکل کلارک 210 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔دونوں بیٹسمینوں نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں386 رنز بناکر ایڈیلیڈ کرکٹ گراؤنڈ پر کسی بھی وکٹ کی شراکت کا نیا ریکارڈ قائم کردیا، اس سے قبل 1963-64 میں جنوبی افریقا کے ایڈی بارلو اور گریم پولاک نے 341 رنز بنائے تھے۔چار ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز میں آسٹریلیا کو تین صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔