25 جنوری ، 2012
لاہور… اپوزیشن لیڈر راجا ریاض کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب ایک ہزار افراد کے قاتل ہیں، مشتبہ دوائی کے استعمال سے اموات کا ہونا در اصل صوبے میں وزیر صحت کے نہ ہونے کی وجہ سے ہے، انگلی ہلانے اور کر دے کر دے کہنے سے مسائل حل نہیں ہوتے ، وزیر اعلیٰ فوری طور پر مستعفی ہوں۔ پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفت گو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر راجا ریاض کا کہنا تھا کہ شہباز شریف اگر بہت قابل ہیں تو پھر بھی وہ بیس بائیس آدمیوں کا کام اکیلے نہیں کر سکتے، ڈینگی سے 8سو افراد ہلاک ہوئے اور جعلی ادویات سے 84 مگر ضدی بچے نے ضد نہیں چھوڑی۔ جعلی ادویات سے مرنے والوں کی روحوں کو سکون پہنچانے کے لئے چیف جسٹس معاملے کا ازخود نوٹس لیں۔ راجا ریاض کا کہنا تھا کہ رانا ثناء اللہ کا وزیر قانون ہونا ایسے ہی ہے جیسے افغانستان میں وزیر ریلوے۔ راجا ریاض کا کہنا تھا کہ وہ میوزکل کنسرٹ کے خلاف منظور ہونے والی قرار داد کے حق میں نہیں۔