کھیل
22 مئی ، 2017

عمراکمل پھر ان فٹ، وطن واپس بھیجنے پر فیصلہ آج ہوگا

عمراکمل پھر ان فٹ، وطن واپس بھیجنے پر فیصلہ آج ہوگا

ٹیسٹ بیٹسمین عمر اکمل کا ستارہ ایک بار پھر گردش میں دکھائی دیتا ہے۔ ٹیم انتظامیہ انہیں انگلینڈ سے وطن واپس بھیجنے پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے، جس کا فیصلہ پیر کو متوقع ہے۔ عمر اکمل کی جگہ بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے حارث سہیل یا عمر امین ٹیم میں شمولیت کے لئے مضبوط امیدوار ہیں۔

عمر اکمل آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے قبل ہونے والے فٹنس ٹیسٹ میں ایک بار پھر ناکام ہوگئے۔ پروفیشنل معاملات میں غیر ذمے داری اور غفلت کا مظاہرہ کرنے پر انہیں ٹورنامنٹ سے قبل وطن واپس بلانے کی تجویز ہے۔ ٹیم کے غیر ملکی کوچز نے پی سی بی کو مشورہ دیا ہے کہ انہیں واپس ملک بھیجا جائے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے اتوار کی شب جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے تصدیق کہ26سالہ عمر اکمل تین بار فٹنس ٹیسٹ پاس کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ ٹیم انتظامیہ انہیں واپس بھیجنا چاہتی ہے، میں نے ابھی اپنے صوابدیدی اختیار کو استعمال نہیں کیا ہے، پیر تک کوئی فیصلہ کروں گا۔

شہریار خان نے کہا کہ تین کھلاڑیوں حارث سہیل، عمر امین اور عامر یامین کے ویزے حاصل کر لئے گئے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ25مئی تک ٹیم تبدیل کرسکتا ہے۔ عمراکمل بر منگھم میں پریکٹس سیشن کے دوران الگ تھلگ نظر آئے اور انہوں نے اپنے قریبی لوگوں سے کہا ہے کہ میرے ساتھ نا انصافی ہورہی ہے۔

دوسری جانب قومی اکیڈمی لاہور کے پاکستانی ٹرینرز کی ساکھ پر سوالیہ نشان سامنے آیا ہے جس نے عمر اکمل کو سپرفٹ قرار دیا تھا۔ غیر سنجیدہ رویے کے باعث ہیڈ کوچ مکی آرتھر عمر سے سخت نالاں ہیں۔ برمنگھم پہنچنے کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں کے ٹرینر گرانٹ لوڈن نے فٹنس ٹیسٹ لئے، جو عمر کلیئر نہ کرسکے۔

انہیں فٹنس ٹیسٹ میں ناکام کی وجہ سے ویسٹ انڈیز کی ون ڈے ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا تھا، لیکن جیسے ہی ٹیم ویسٹ انڈیز پہنچی قومی اکیڈمی کے پاکستانی ٹرینر نے عمر اکمل کو سپر فٹ قرار دیتے ہوئے پاس کردیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مکی آرتھر نے عمر اکمل کو وارننگ دی تھی لیکن وہ سنجیدہ نہ ہوئے۔

ان کی نان پر وفیشنل اپروچ اور ھٹ دھرمی ٹیم انتظامیہ کے لئے بھی چیلنج ہے۔برمنگھم میں کیمپ میں کوچ مکی آرتھر نے ابھی تک عمر اکمل کو بیٹنگ نہیں کروائی ہے۔ ٹرینر گرانٹ لوڈن نے عمر اکمل کو واپس بھجوانے کا مشورہ دیدیا۔ عمر اکمل کی فٹنس سے متعلق ٹیم انتظامیہ نے ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور چیف سلیکٹر انضمام الحق کو بھی آگاہ کردیا۔

ایک اور ذرائع کا کہنا ہے کہ فٹنس ٹیسٹ میں ناکامی کے بعد عمر اکمل کی ٹیم انتظامیہ سے تلخ کلامی ہوئی ہے اور ٹیم انتظامیہ نے انہیں پریکٹس سے روک دیا ہے، جس پر مڈل آرڈر بیٹسمین نے احتجاج بھی کیا ہے۔

مزید خبریں :