دنیا
24 مئی ، 2017

مانچسٹر سانحہ: مرنے والوں کو خراجِ عقیدت، سیکورٹی بڑھا دی گئی

مانچسٹر سانحہ: مرنے والوں کو خراجِ عقیدت، سیکورٹی بڑھا دی گئی

مانچسٹر حملے کے بعد نیویارک اور فرانس میں سیکیورٹی بڑھا دی گئی۔مانچسٹر ایرینا میں خود کش حملے کے بعد شہر کی فضا سوگوار ہے۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں سے اظہار یکجہتی کے لیے دعائیہ تقریبات کا سلسلہ جاری ہے۔

سوگ اور زخمیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے پیرس کے ایفل ٹاور کی لائیٹیں بجھا دی گئیں۔ مرنے والوں کو ہزاروں افراد نے خراج عقیدت پیش کیا،جبکہ مختلف دعائیہ تقریبات کا سلسلہ بھی جاری ہے، جس میں پاکستانی کمیونٹی نے بھی بھر پور شرکت کی اور واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔

بکنگھم پیلس، سلامتی کونسل اور امریکی ایوان نمائندگان میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔بکنگھم پیلس میں حادثے کی یاد میں یہ تقریب ملکہ برطانیہ کی سربراہی میں ہوئی۔ سلامتی کونسل اور امریکی ایوان نمائندگان کے ارکان نے کھڑے ہوکر مانچسٹر حملے کے متاثرین سے اظہار یکجہتی کیا۔ اقوام متحدہ کے قائم مقام سیکریٹری جنرل نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے اسے معصوم عوام پر شرمناک کارروائی قرار دیا۔

برطانوی وزیر اعظم ٹیریزا مے نے تعزیتی کتاب پر دستخط کیے۔ سوشل میڈیا بھی بھرپور طور پر سرگرم رہا، جہاں ہلاک و زخمی ہونے والوں کے پیاروں نے دل خراش پیغامات تحریر کیے اور یادگار تصاویر شیئر کر کے بہت سی آنکھیں نم اور بہت سے دل گداز کیے۔

مانچسٹر میں ہزاروں افراد نے مرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور مرنے والوں کی یاد میں پھول رکھے۔لندن، بریڈفورڈ، برمنگھم، آکسفورڈ اور شیفیلڈ سمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں میں بالخصوص پاکستانی کمیونٹی نے مانچسٹر بم دھماکے کی پُرزور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیاں برطانوی عوام کا حوصلہ پست نہیں کر سکتیں۔

مانچسٹر حملے کے تناظر میں دنیا کے کئی ممالک میں حفاظتی اقدام اختیار کرتے ہوئے سکیورٹی بڑھا دی گئی،جن میں جرمنی، فرانس اور روس شامل ہیں، جبکہ نیویارک میں سکیورٹی کے اقدامات بڑھا دیے گئے ہیں۔

روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے کروشیا کے ہم منصب کے ساتھ ایک تقریب میں خطاب کرتے ہوئے مانچسٹر واقعے کی مذمت کی اور کہا کہ عالمی برادری کو دہشت گردی کے خلاف اقدامات کی تیز کرنے کی ضرورت ہے۔

مزید خبریں :