کھیل
25 مئی ، 2017

پاک بھارت کرکٹ بورڈ حکام کی 29مئی کو دبئی میں ملاقات ہوگی

پاک بھارت کرکٹ بورڈ حکام کی 29مئی کو دبئی میں ملاقات ہوگی

بھارتی کرکٹ بورڈ کے قائم مقام سیکریٹری امیتابھ چوہدری نےتصدیق کی ہے کہ پاکستان اور بھارتی بورڈ کے حکام 29مئی کو دبئی میں ملاقات کررہے ہیں جس میں پاک، بھارت کرکٹ سیریز کے حوالے سے بات چیت کی جائے گی۔

ایک معروف کرکٹ ویب سائٹ کو انٹرویو میں امیتابھ چوہدری کا کہنا تھا کہ بھارت، پاکستان کے ساتھ کھیلنا چاہتا ہے لیکن صورتحال میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے خلاف سیریز حکومت کی اجازت کے بغیر نہیں کھیل سکتے۔

امیتابھ چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے خط لکھنے کے بعد ہم نے اپنی حکومت کو دوبارہ خط بھیجا ہے اور اب جواب کا انتظار ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ میرے خیال میں مذاکرات جاری رہنے چاہئیں، اسی وجہ سے ہم پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام سے ملاقات کر رہے ہیں۔

امیتابھ چوہدری نے بتایا کہ 29 مئی کو دبئی میں یہ ملاقات ہوگی جس میں بھارت کی نمائندگی وہ خود کریں گے جبکہ پاکستان کی جانب سے شہریار خان اور بورڈ کے قانونی نمائندے شریک ہوں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے حکام نے 2014ء میں ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے تھے جس کے رو سے بھارت کو پاکستان سے 2015 ءسے 2023ء کے درمیان 6کرکٹ سیریز کھیلنی ہیں تاہم دونوں ملکوں کے درمیان کشیدہ تعلقات کے سبب اب تک کوئی سیریز نہیں ہوسکی ہے ۔

مزید خبریں :