دنیا
Time 15 ستمبر ، 2017

شمالی کوریا کا جاپانی فضائی حدود سے ایک اور بیلسٹک میزائل کا تجربہ

شمالی کوریا نے ایک مرتبہ پھر ہمسایہ ممالک اور امریکا کو بھرپور جواب دیتے ہوئے بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔

شمالی کوریا کی جانب سے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا گیا جو جاپانی فضائی حدود سے ہوتا ہوا گہرے سمندر میں گر کر تباہ ہوا۔

شمالی کوریا کی وزارت دفاع کے مطابق بیلسٹک میزائل نے 770 کلو میٹر بلندی اور 3 ہزار 700 کلو میٹر سفر طے کیا جو اس سے قبل کئے گئے تجربے کے مقابلے میں زیادہ ہے۔

دوسری جانب جاپان نے اپنی فضائی حدود میں میزائل تجربے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شمالی کوریا کے اقدام پر اقوام متحدہ سمیت ہر فورم پر مناسب وقت دیکھتے ہوئے مؤثر ایکشن لیا جائے گا۔

جاپانی کابینہ کے چیف سیکرٹری یوشی ہائیڈ سوگ نے کہا کہ شمالی کوریا کا بیلسٹک میزائل صبح 6 بجکر 57 منٹ پر شمالی جاپانی جزیرے ہوکیادو سے ہوتا ہوا 7 بجکر 16 منٹ پر بحر اوقیانوس میں جاگرا۔

امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹیلرسن نے شمالی کوریا کے میزائل تجربے کو اشتعال انگیزی قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی اور کہا کہ میزائل تجربہ اقوام متحدہ کی جانب سے عائد کی گئی پابندیوں کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔

ریکس ٹیلرسن نے کہا کہ چین اور روس معاشی سطح پر شمالی کوریا کے ساتھی ہیں اس لئے جارحانہ اقدام پر دونوں ممالک اس کا جواب دیں۔

مزید خبریں :