کھیل
Time 20 ستمبر ، 2017

میتھیوز انجری کا شکار، پاکستان کیخلاف پہلے ٹیسٹ سے باہر

سری لنکن آل راؤنڈر انجیلو میتھیوز پریکٹس سیشن کے دوران انجری کا شکار ہوگئے جس کے بعد وہ پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ سے باہر ہوگئے۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کا آغاز 28 ستمبر کو شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ سے ہوگا جس کے لئے دونوں ٹیمیں بھرپور پریکٹس کر رہی ہیں۔

کھیلوں پر نظر رکھنے والی سائٹ 'کرک بز' کے مطابق سری لنکا کے کامیاب آل راؤنڈر انجیلو میتھیوز پریکٹس سیشن کے دوران پنڈلی کے پٹھے کی انجری کا شکار ہوگئے جس کے بعد وہ پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ کا حصہ نہیں ہوں گے۔

انجیلیو میتھیوز کی انجری کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ گریڈ ون کیٹیگری کی ہے اور امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ وہ دوسرے اور تیسرے ٹیسٹ میں دستیاب ہوں گے۔

سری لنکا کو ایسے وقت میں بڑا جھٹکا لگا ہے کہ جب حال ہی میں آئلینڈر کو بھارت کے ہاتھوں وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا جب کہ اپنے ہوم گراؤنڈ میں سری لنکا کو بنگلادیش کے ہاتھوں بھی ٹیسٹ میچ میں شکست ہوئی۔

دوسری جانب سری لنکن کرکٹ بورڈ کی جانب سے اب تک انجیلیو میتھیوز کی پہلے ٹیسٹ میں دستیابی کے حوالے سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔ 


مزید خبریں :