کھیل
Time 23 نومبر ، 2017

گابا ٹیسٹ: انگلینڈ نے پہلے روز کے اختتام پر 4 وکٹوں پر 196 رنز بنالئے

ایشز سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے پہلے روز کے اختتام تک انگلینڈ نے آسٹریلیا کے خلاف 4 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنالئے ۔

آسٹریلیا کے شہر برسبین کے گابا اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے پانچ میچز پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں انگلش ٹیم کے کپتان جوئے روٹ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

انگلش ٹیم کی جانب سے الیسٹرل کک اور مارک اسٹون مین نے اننگز کا آغاز کیا تو تیسرے ہی اوور میں مہمان ٹیم کو الیسٹرل کک کی صورت میں خسارے کا سامنا رہا، وہ 2 رنز بنا کر مچل اسٹارک کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

دوسری وکٹ پر مارک اسٹون مین اور جیمز ونز کے درمیان 125 رنز کی شراکت قائم ہوئی اور ٹیم کا مجموعی اسکور 127 تک پہنچا تو اسٹون مین 53 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

تیسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز جیمز ونس تھے جو 12 چوکوں کی مدد سے 83 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے جب کہ کپتان جوئے روٹ 15 رنز تک محدود رہے۔ 

پہلے روز کھیل کے اختتام تک انگلینڈ نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنائے، ڈیوڈ میلان 28 اور معین علی 13 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہوئے جب کہ آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنس نے 2 اور مچل اسٹارک نے ایک وکٹ حاصل کی۔

مزید خبریں :