پاکستان
Time 07 دسمبر ، 2017

عدالت کے بار بار بلانے پر عمران خان بابر اعوان پر برہم

عمران خان، بابر اعوان پر برہم ہوگئے—۔فائل فوٹو

اسلام آباد: عمران خان انسداد دہشت گردی کی عدالت میں بار بار طلب کرنے پر برہم ہوگئے اور بابر اعوان کو جھاڑ پلادی۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پارلیمنٹ حملہ، پی ٹی وی حملہ اور ایس ایس پی عصمت اللہ جونیجو تشدد کیس کی سماعت کے سلسلے میں انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت میں پیشی کے بعد باہر آکر عمران خان شدید غصے میں نظر آئے اور اپنے وکیل بابر اعوان کو جھاڑ پلادی۔

چیئرمین پی ٹی آئی غصے کی حالت میں کیمرے کی آنکھ سے بچ نہ سکے اور ان کی ویڈیو سامنے آگئی۔

ویڈیو میں عمران خان کو بابر اعوان سے کہتے سنا جاسکتا ہے،’میں تو سمجھا تھا آج آخری پیشی ہوگی، یہ تو مجھے بلاتے جائیں گے‘۔

اس موقع پر بابر اعوان عمران خان کو سمجھانے کی کوشش کرتے رہے لیکن انہوں نے غصے میں گاڑی کا دروازہ بند کیا اور چلے گئے۔

یاد رہے کہ عمران خان نے عدالتی حکم پر اتوار کے روز اسی کیس کے سلسلے میں تھانہ سیکریٹریٹ میں پیش ہوکر تفتیشی افسر کے روبرو بیان بھی ریکارڈ کرایا تھا۔



مزید خبریں :