دنیا
Time 13 دسمبر ، 2017

یمن: سعودی اتحادی افواج کے حملے میں 30 افراد ہلاک

یمن میں سعودی اتحادی افواج کی جانب سے صنعاء میں باغیوں کے کیمپ پر حملے میں 30 افراد ہلاک ہو گئے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر افراد باغیوں کی جانب سے کیمپ میں بنائی گئی جیل میں قید تھے۔

ایک گارڈ کے مطابق ابتدائی حملے میں جیل کا ایک ونگ متاثر ہوا جس کے نتیجے میں قیدیوں نے فرار کی کوشش کی، لیکن دوسرے حملے میں پوری عمارت ہی تباہ ہو گئی۔

یاد رہے کہ یمنی حکومت 2015 سے سعودی اتحاد کے ساتھ مل کر حوثی باغیوں کے خلاف برسر پیکار ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق 2015 سے اب تک 8 ہزار 670 افراد ہلاک جب کہ 50 ہزار کے قریب زخمی ہو چکے ہیں۔

یمن میں جنگ اور راستوں کی بندش کی وجہ سے دو کروڑ 7 لاکھ افراد غذائی قلت کا شکار ہیں جب کہ اپریل سے اب تک تقریباً 2219 افراد ہیضے کی وجہ سے ہلاک ہو چکے ہیں۔

ایک حکومتی اہلکار نے بتایا کہ جیل میں تقریباً 180 افراد قید تھے جب کہ ملبے سے اب تک 35 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔

چار سمبر کو یمن کے سابق صدر علی عبداللہ صالح بھی صنعاء میں ہونے والے ایک حملے میں ہلاک ہو گئے تھے۔ علی عبداللہ صالح پر حملہ سابق اتحادیوں حوثیوں سے اختلافات کے تین روز بعد کیا گیا۔

مزید خبریں :