گوگل کا موبائل سرچ رینکنگ کیلئے پیج اسپیڈ کے استعمال کا اعلان

فائل فوٹو—۔

گوگل کا استعمال سب کی زندگی میں شامل ہوچکا ہے اور کسی بھی حوالے سے کوئی بھی الجھن ہو، کسی بھی سوال کا جواب جاننا ہو تو صارفین فوراً گوگل سرچ انجن کا سہارا لیتے ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ گوگل کمپنی بھی اپنے صارفین کو بہتر سے بہتر خدمات فراہم کرنے کے لیے کوشاں رہتی ہے۔

گوگل سرچ انجن پہلے صرف ڈیسک ٹاپ سے استعمال کیا جاتا تھا لیکن اب اسمارٹ فون کی ایجاد کے بعد یہ ہر ایک کے موبائل فون میں دستیاب ہے۔

لیکن موبائل فون صارفین اکثروبیشتر ویب پیج کی اسپیڈ (کھلنے کی رفتار) کے حوالے سے پریشانی کا شکار نظر آتے ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ گوگل کمپنی نے اعلان کیا کہ رواں برس جولائی سے گوگل پر ویب پیجز کی اسپیڈ، موبائل فون سرچ رینکنگ کے لیے درجہ بندی کے ایک عنصر کے طور پر استعمال ہوگی۔

گوگل کے مطابق یہ "اسپیڈ اپ ڈیٹ" صرف ایسے ویب پیجز پر اثر انداز ہوگی جو کھلنے میں وقت لگاتے ہیں۔

تاہم سرچ کیا جانے والا سوال بھی ایک اہم سگنل ہوگا اور اگر کسی پیج پر متعلقہ مواد موجود ہے لیکن اس کی اسپیڈ کم ہے تو بھی وہ اوپر کے درجے پر جگہ بناسکتا ہے۔

ساتھ ہی گوگل نے ڈیویلپرز پر زور دیا ہے کہ وہ مختلف ٹولز اور ٹیکنالوجی کا استعمال کرکے ایسے ویب پیجز بنائیں جو صارفین کے سرچ تجربات کو بہتر بنائیں۔


مزید خبریں :