06 فروری ، 2015
نئ دہلی .........امیتابھ بچن اور دھنوش کی بالی ووڈ فلم "شمیتابھ" آج سے سینما گھروں کی زینت بنے رہی ہے، گزشتہ روز اس فلم کے ٹائٹل سونگ کی وڈیو بھی جاری کی گئ۔ بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن اور دھنوش کی آنے والی فلم "شمیتابھ" کے ٹریلر کے بعد فلم کے گانوں کی وڈیوز وقفے وقفے سے آن لائن ریلیز کی جارہی ہیں۔ اسی سلسلے میں فلم کیلئے کوثر منیر کے تحریر کردہ "شا شا شامی می می" کے بولوں پر مبنی ٹائٹل سونگ کی وڈیو جاری کردی گئی ہے، جسے معروف پلے بیک سنگر کارالیسامونٹیرو کی آواز میں ریکارڈ کیا گیا ہے اور جسکی وڈیو میں دھنوش کو سپر اسٹار بنتے دکھایا گیا ہے۔ بالی ووڈ کو چینی کم اور پا جیسی بلاک بسٹرفلمیں دینے والے رائٹر و ہدایتکار آر بالکی کی اس فلم میں لیجنڈری امیتابھ بچن اور تامل سپر اسٹار دھنوش کے علاوہ کمال ہاسن کی چھوٹی صاحبزادی اکشرا ہاسن اور ریکھا مرکزی کردار ادا کررہی ہیں۔ یہی نہیں سنیل للا، آر بالکی، راکیش جھن جھن والا، امیتابھ اور ابھیشک بچن سمیت دیگر بینرز کی پروڈیوس کردہ اس فلم میں فلمساز و ہدایتکار کرن جوہر، روہت شیٹھی، مہیش بھٹ، انوراگ باس، راکیش اوم پرکاش مہرا، راجکمار ہرانی، گوری شندے، جاوید اختر، بونی کپور اور ایکتا کپور بھی مہمان اداکار کی حیثیت سے نظر آئینگے۔ الایا راجا کا میوزک اور انتہائی مختلف کہانی لیے یہ فلم شمیتابھ ایروس انٹرنیشنل کے تحت آج 6 فروری کو سینما گھروں کی زینت بنائی جارہی ہے۔