12 فروری ، 2015
سڈنی ......کرکٹ ورلڈ کپ کے وارم اپ میچز میں آئرلینڈ نے بنگلادیش کو 4 وکٹوں سے جبکہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم اسکاٹ لینڈ کے خلاف صرف 3 رنز سے مات دیدی۔سڈنی کے اولمپک پارک میں کھیلے گئے میچ میں بنگلادیش کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 49ویں اوور میں صرف 189رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، سومیا سرکار 45رنز کے ساتھ نمایاں رہے، آئرلینڈ کے مونی اور سوریسن نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں آئرلینڈ نے ہدف 47ویں اوور میں حاصل کرلیا۔ بیلبرائن نے 63 اور ایڈی جوائس نے 47رنز کی اننگز کھیلیں، تاج الاسلام نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ سڈنی کرکٹ گراؤنڈ پر ویسٹ انڈیز کو اسکاٹ لینڈ کے خلاف بمشکل 3 رنز سے فتح ملی۔ ویسٹ انڈیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 50 اوورز میں 9 وکٹ پر 313رنز بنائے، رام دین نے 88 اور سمنز نے 55رنز کی اننگز کھیلیں۔ ایونس نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ اس بڑے ہدف کا اسکاٹ لینڈ نے بھرپور جواب دیا اور 9 وکٹ پر 310رنز بناڈالے، اوپنر کائل کوئٹزر نے 96 رنز کی اننگز کھیلی، رچی بیرنگٹن نے 66رنز بنائے۔