14 فروری ، 2015
ہیوسٹن زاہد اختر خانزادہ......نمائندہ خصوصی...... ہیوسٹن کے جنوب مشرقی علاقے میں واقع قباء اسلامک سینٹر میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں عمارت مکمل طور پر جل کرخاکستر ہوگئی جبکہ اس سے ملحق مسجد اور مدرسہ کو بچالیا گیا۔ واقعہ دہشتگردی کی کارروائی ہوسکتا ہے۔مسجد کے امام زید عبد اللہ کا کہنا ہے کہ گذشتہ کئی دنوں سے مسجد کے باہر مشکوک افراد کو دیکھا جارہا تھاجبکہ مقامی مسلمانوں کا خیال ہے کہ واقعہ امریکا میں مسلمانوں کے خلاف ہونے والے نفرت پر مبنی جرائم کا حصہ ہوسکتا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کو علی الصبح اسلامک سینٹر میں اچانک آگ بھڑ ک اٹھی ، فائر بریگیڈ کے عملے نے 40منٹ کی جدو جہد کے بعد آگ پر قابو پالیا اور عمارت سے ملحق مسجد اور مدرسہ کو بچالیا گیاتاہم مسجد کاعقبی حصہ جو کہ کمیونٹی سینٹر کے طور پر استعمال ہوتا تھا جل کر خاکستر ہوگیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی وفاقی تحقیقاتی ادارے پہنچ گئے اور اس بات کی تحقیقات کی جارہی ہیں کہ آیا یہ واقعہ اتفاقی تھا یا کسی نے جان بوجھ کر مسجد کوجلانے کی کوشش کی ۔ مسجد کے امام زید عبد اللہ کا کہنا ہے کہ گذشتہ کئی دنوں سے مسجد کے باہر مشکوک افراد کو دیکھا جارہا تھاجبکہ مقامی مسلمانوں کا خیال ہے کہ واقعہ امریکا میں مسلمانوں کے خلاف ہونے والے نفرت پر مبنی جرائم کا حصہ ہوسکتا ہے ۔ واضح رہے کہ دو سال قبل بھی مسجد قباء ہیوسٹن کو آگ لگانے کی کوشش کی گئی تھی ۔ واقعے کے بعد مسلمانو ں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے ۔