16 فروری ، 2015
بارسلونا........شفقت علی رضا........کاتالان فیڈریشن کے صدر کامران خان اور پاک فیڈریشن اسپین کے سیکرٹری جنرل طاہر رفیع نے اپنے وفد کے ساتھ ڈائریکٹرجنرل امیگریشن شاویر بوش سے ہونے والی ملاقات میں بارسلونامیں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مسائل کے بارے میں بات کی۔ ملاقات میں بتایا گیا کہ جو پاکستانی اسپین میں رہائش گاہ رکھتے ہیں وہ پاکستان سے اپنی بیوی اور بچوں کو بلانے کے لئے ثابت کرتے ہیں کہ اسپین میں ان کے پاس مکان ہے جہاں وہ اپنی فیملی کو رکھیں گے، مقامی محکمہ وہ مکان چیک کرتا ہے اور اسے پاس کرکے ایک سرٹیفکیٹ دیتا ہے،جب فیملی کی رہائش گاہ دوبارہ ری نیو کرانی ہو تو محکمہ کہتا ہے کہ پہلے چیک کئے گئے مکان میں رہائش ہے تو ٹھیک بصورت دیگر نئی رہائش کی صورت میںمکان کی دوبارہ چیکنگ کرائی جائے اور دوبارہ مکان پاس نہ کرانے کی صورت میں فیملی کے کاغذات مسترد کر دیئے جاتے ہیں ۔ دوسرا مسئلہ تھا کہ مقامی بلدیہ میں مکان میں رہائش کی رجسٹریشن کو ختم کرانے کے لئے چھ ماہ کا عرصہ درکار ہوتاہے، جبکہ یہ رجسٹریشن اسی وقت ختم ہونی چاہیے جب کوئی شخص اسے ختم کرانا چاہے، اس طرح سے جو لوگ اپنی فیملی کیلئے درخواست دیتے ہیں تو دوسرے شخص کی اس مکان سے رجسٹریشن ختم نہ ہونے کی وجہ سے جمع کرائے گئے کا غذات مسترد کر دئیے جاتے ہیںجس کی وجہ یہ بتائی جاتی ہے کہ اس مکان میں دوسرے شخص کی رہائش ہے کیونکہ رجسٹریشن ختم ہونے میں چھ ماہ درکار ہوتے ہیں، اب اس میں فیملی بلانے کیلئے کاغذات جمع کرانے والے کا کیاقصور ہے؟تیسرا مسئلہ کاتالونیا میں مسلمانوں کے لئے علیحدہ قبرستان کیلئے جگہ کے حصول کا تھا ۔چوتھا مسئلہ یہ تھا کہ اسپین کے قانون کے مطابق جو شخص ثابت کرے کہ وہ دس سال سے اسپین میں مقیم ہے تو وہ ہسپانوی شہریت کے حصول کی درخواست دے سکتا ہے چاہئے تو یہ کہ اسے قانون کے مطابق فوری طور پرہسپانوی شہریت دی جائے لیکن درخواست دینے کے بعد بھی کئی سال شہریت ملنے کا انتظار کرنا پڑتا ہے۔پاکستانی وفد نے ڈائریکٹر جنرل امیگریشن شاویر بوش کو مقامی حکومت کی جانب سے پاکستانی پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ کی میعاد چھ ماہ سے بڑھا کر ایک سال کئے جانے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ ڈائریکٹر جنرل امیگریشن نے پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مسائل کے حوالے سے وفد کو یقین دلایا کہ یہ جلد حل ہوں گے