17 فروری ، 2015
لاہور.....لاہور میں پولیس لائنز کے باہر خودکش حملے میں دو پولیس افسران سمیت پانچ افراد جاں بحق اور 16 زخمی ہو گئے ، آئی جی پنجاب کے مطابق حملہ آور کا ہدف پولیس لائنز تھی لیکن وہاں داخل نہ ہوسکا تو خود کو مارکیٹ میں دھماکے سے اڑالیا۔ سی سی پی او لاہور کا کہنا ہے کہ قلعہ گجر سنگھ پولیس لائن کے باہر ہونے والا دھماکا خودکش حملہ تھا ،حملہ آور پولیس لائن میں داخل ہونا چاہتا تھا لیکن ناکامی پر اُس نے خود کو باہر ہی دھماکے سے اڑالیا۔ سی سی پی او کے مطابق حملہ آور کی عمر 22 سے 25 سال کے درمیان تھی ۔ جائے وقوع سے اس کے جسم کے ٹکڑے ملے ہیں ۔ دھماکا اتنا زور دار تھا کہ عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے، قریب کھڑی کئی گاڑیوں میں آگ لگ گئی اور موٹر سائیکلوں کو بھی نقصان پہنچا ۔صوبائی وزیرداخلہ نے دھماکے میں 5 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی ہے ۔ لاشوں اور زخمیوں کو میو اسپتال ، گنگا رام اسپتال اور سروسز اسپتال منتقل کیا گیا ۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق دھماکے میں اے ایس آئی وقار احمد بھی جاں بحق ہوئے ۔ زخمیوں میں دو خواتین کانسٹیبل اور ایک بچہ بھی شامل ہیں ۔ ایم ایس میو اسپتال کا کہنا ہے کہ اسپتال میں 7 زخمی لائے گئے جن کی حالت خطرے سے باہر ہے ۔ پولیس ریسکیو اور سیکیورٹی اداروں کے اہل کاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر دھماکے کی جگہ کے اردگرد خاردار تاریں لگا کر تحقیقات شروع کردیں ۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے زخمیوں کو علاج کی ہر ممکن سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے ۔