02 مئی ، 2012
لاہور… مسلم لیگ ن نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد اپنی تحریک کیلئے حکمت عملی طے کرلی۔ ایک اعلامیئے کے مطابق لانگ مارچ کے پہلے مرحلے مختلف شہروں میں احتجاجی ریلیاں اور مظاہرے منعقدکئے جائیں گے اور ان احتجاجی ریلیوں کی قیادت مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء کریں گے۔ اعلامیئے میں کہا گیا ہے کہ پہلی احتجاجی ریلی 4مئی کو ٹیکسلا میں ہوگی جس سے نوازشریف خطاب کریں گے۔ اس کے بعد 7مئی کو گوجرانوالہ میں، 8مئی کو بہاولپور اور سرگودھا میں ریلیاں نکالی جائیں گی۔ 10مئی کو راولپنڈی اور ملتان، 11 مئی کو سیالکوٹ، 12 مئی کو گجرات میں احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔ دوسرے صوبوں میں بھی احتجاجی ریلیوں کی تاریخیں متعلقہ تنظیموں سے مشاورت سے طے کی جائیں گی جبکہ لانگ مارچ سے قبل احتجاجی ریلیوں کے سلسلے کا آخری احتجاج لاہور میں کیا جائے گا۔ اعلامیئے میں کہا گیا کہ احتجاجی تحریک کو کام یاب بنانے کے لئے صدر مسلم لیگ ن نوازشریف خود پارٹی قائدین سے رابطے کررہے ہیں جبکہ وزیراعلٰی پنجاب شہبازشریف مختلف اضلاع کے تنظیمی عہدیداروں سے ملاقاتیں کررہے ہیں، سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد نہ ہونے کی صورت میں احتجاجی مظاہروں کے بعد لانگ مارچ کی تاریخ دی جائے گی۔