27 فروری ، 2015
اسلام آباد........سینیٹ انتخابات کے لئے ایک طرف کاغذات نامزدگی کے منظور اور مسترد ہونے کے خلاف اپیلوں پر سماعت کا آج آخری دن ہے تو دوسری طرف وزیراعظم نے ممکنہ ہارس ٹریڈنگ روکنے کے لیے تمام پارلیمانی جماعتوں کا اجلاس طلب کرلیا ہے ۔ سینیٹ انتخابات میں آج کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد ہونے کے خلاف اپیلوں پر سماعت کا دوسرا اور آخری دن ہے۔ کل سینیٹ انتخابات کے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کردی جائے گی۔ سینیٹ انتخابات کے لیے جماعت اسلامی اور تحریک انصاف نے ہارس ٹریڈنگ اور ووٹرز کو خریدے جانے کے الزامات عاید کیے ہیں ، جس پر ایکشن لیتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے آج تمام پارلیمانی پارٹیوں کے رہنماؤن کا اجلاس طلب کرلیا ہے ۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس اجلاس میں تحریک انصاف کی نمایندگی بھی ہوگی اور عارف علوی شریک ہوں گے۔وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں پیپلز پارٹی ، متحدہ قومی موومنٹ، جے یو آئی ف ، عوامی نیشنل پارٹی ، تحریک انصاف اور جماعت اسلامی شرکت کرنے والی نمایاں جماعتیں ہیں۔بعد نماز جمعہ ہونے والے اس اہم اجلاس میں سینیٹ انتخابات کو شفاف اور غیر جانبدارانہ بنانے کے لیے ممکنہ آئینی و قانونی اقدامات پر غور کیا جائے گا ۔سینیٹ انتخابا کے موجودہ طریقہ سیکریٹ بیلٹنگ میں ہارس ٹریڈنگ کے خدشات ظاہر کیے جارہے ہيں اور انہی خدشات کو ختم کرنے کے لیے سینیٹ الیکشن شو آف ہینڈ کی بجائے بیلٹ پیپر کے ذریعے کرانے کی تجویز ہے تاہم بیلٹ پیپر پر امیدواروں کے علاوہ ووٹر کا نام بھی درج کرنے کا کہا گیا ہے ۔سینیٹ انتخابات کے لیے سیاسی جماعتوں کے ایک دوسرے سے رابطوں میں بھی تیزی آئی ہے ، آصف علی زرداری نے اسفند یار ولی ، چودھری شجاعت حسین ، اور فضل الرحمان سے گفت کو کی ہے ، جبکہ پیپلز پارٹی کے رحمان ملک نے متحدہ کے قائد الطاف حسین سے رابطہ کیا ہے۔