27 فروری ، 2015
لاہور....... این اے 122 دھاندلی کیس ،عمران خان کی درخواست پر فیصلہ 4 مارچ کو سنایا جائے گا۔عمران خان نے نادرا سےانگھوٹھوں کےنشان کی تصدیق کی درخواست دی تھی ۔اسپیکرکےوکیل نےنادراسےنشان انگوٹھوں کی تصدیق کرانےکی مخالفت کردی۔الیکشن ٹربیونل لاہور میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122 مبینہ دھاندلی کیس کی سماعت جاری ہے۔ فریقین کے وکلاء اس نکتے پر دلائل دے رہے ہیں کہ نشان انگوٹھوں کی تصدیق کے لیے بیلٹ پیپرز سمیت انتخابی ریکارڈ نادرا کو بھیجا جائے یا نہیں۔ الیکشن ٹربیونل کے جج کاظم علی ملک این اے 122 مبینہ دھاندلی کیس کی سماعت کر رہے ہیں۔ اسپیکر ایاز صادق کے وکیل نے بیلٹ پیپرز اور دیگر پولنگ سامان پر نشان انگوٹھوں کی تصدیق کرانے کی مخالفت کی۔ ٹربیونل سے باہر میڈیا سے گفت گو میں ایاز صادق کے وکیل اسجد سعید کا کہنا تھا کہ نشان انگوٹھوں کی تصدیق کیلیے عمران خان کی نئی درخواست تاخیری حربہ ہے ،اس سے انہیں کچھ نہیں ملے گا۔عمران خان کے وکیل کو اب حتمی بحث شروع کرنی چاہیے تاکہ جلد فیصلہ آئے۔دوسری جانب عمران خان کے وکیل انیس ہاشمی نے کہا کہ الیکشن میں استعمال ہونے والی روشنائی غیرمعیاری تھی ، جو دھاندلی کا باعث بنی ، نادرا سے نشان انگوٹھا کی تصدیق سے مزید شواہد سامنے آئیں گے ۔