پاکستان
27 فروری ، 2015

گلگت:مفرورقیدیوں کی گرفتاری میں مدد پر20 لاکھ روپے انعام کا اعلان

گلگت:مفرورقیدیوں کی گرفتاری میں مدد پر20 لاکھ روپے انعام کا اعلان

گلگت.......ڈسٹرکٹ جیل گلگت سے فرار ہونے کی کوشش میں سانحہ نانگا پربت کا ایک ملزم اہل کاروں کی فائرنگ سے ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔تاہم دو ملزمان فرار ہوگئے۔گلگت بلتستان حکومت نے ملزموں کی گرفتاری میں مدد دینے والوں کے لیے 20 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے ۔پولیس کے مطابق گلگت جیل میں قید سانحہ نانگا پربت کے چار ملزموں نے رات 2 بج کر 45 منٹ پر عقبی دیوار کے ذریعے فرار ہونے کی کوشش کی ۔دو ملزم حبیب الرحمان اور لیاقت تو فرار ہوگئے لیکن ایک ملزم حضرت بلال سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے مارا گیا جبکہ دلبر نامی ملزم زخمی ہوگیا ۔ اسے گرفتار کرکے سٹی اسپتال منتقل کردیاگیا ، ڈاکٹروں کاکہنا ہے کہ اس کی حالت تشویش ناک ہے۔سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر فرار ہونے والے ملزموں کی تلاش شروع کردی ہے۔آئی جی گلگت بلتستان ظفر اقبال نے جیل کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اور وارڈن سمیت 3 اہل کار وں کو معطل کردیاہے۔سیکریٹری داخلہ گلگت بلتستان نے فرار ہونے والے ملزموں کی گرفتاری میں مدد دینے پر 20 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے ۔ واقعہ کے بعد سیکیورٹی فورسز نے شہر کے مختلف مقامات پر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے ۔نانگا پربت کا سانحہ 23جون 2013کو پیش آیا تھا جب کوہ پیمائی کے لئے آنے والے 9 غیر ملکیوں اور ان کے مقامی گائیڈ کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا۔

مزید خبریں :