25 جنوری ، 2012
کراچی … سپریم کورٹ بار کے صدر یاسین آزاد نے کہا ہے کہ کراچی میں وکلاء کا قتل ناقابل برداشت ہے، حکومتی ادارے وکلاء کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہوگئے ہیں، ہلاکتوں کے خلاف کل ملک گیر ہڑتال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وکیلوں کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنانے پر کل تمام بارز میں جنرل باڈی اجلاس منعقد کئے جائیں گے اور عدالتوں کا بائیکاٹ کریں گے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب تک 24 وکلاء شہید کئے جاچکے ہیں حکومت صورتحال کو کنٹرول کرے۔ دوسری جانب وکیل رہنما محمود الحسن نے واقعے کو ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گرد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ وکلاء اپنی پیشہ ورانہ سرگرمیوں کے بعد گھر جانے کے لئے نکلے تھے کہ انہیں ٹارگٹ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ جاں بحق ہونے والوں میں باپ، بیٹا اور بھتیجا شامل ہیں، جبکہ چوتھا شخص ان کا قریبی دوست تھا۔ چیئرمین سندھ بار کونسل افتخار قاضی نے بھی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہے کل سندھ بھر میں ہڑتال کریں گے اور عدالتوں کا بائیکاٹ کرکے جنرل باڈی اجلاس منعقد کئے جائیں گے۔