13 مارچ ، 2015
ہملٹن ......ہملٹن میں بنگال کا جادو چلتے چلتے رہ گیا ،نیوزی لینڈ نے بنگلادیش کو اپنے آخری لیگ میچ میں 3وکٹوں سے شکست دے کر تمام گروپ میچ جیت لئے ہیں ۔ہملٹن میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بنگلادیش کو بیٹنگ کیلئے کہا،بنگلادیش کے 2 کھلاڑی صرف 27 کے اسکور پر آؤٹ ہوگئے۔تیسری وکٹ پر سومیا سرکار اور محمود اللہ نے 90 رنز جوڑ کر ٹیم کی حالت بہتر بنائی،سومیا سرکار 51 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد آؤٹ ہوئے۔دوسری جانب محموداللہ نے ذمے داری سےکھیلتے ہوئے نہ صرف اینڈ سنبھالے رکھا بلکہ ایک اور سنچری بنانے میں بھی کامیاب رہے،اُنہوں نے12 چوکوں اور3 چھکوں کی مدد سے 128رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی،بنگلادیش کی ٹیم 7 وکٹ پر 288رنز بنانے میں کامیاب رہی، ایلیٹ، اینڈرسن اور بولٹ نے2،2 وکٹیں حاصل کیں۔جوابی اننگز میں نیوزی لینڈ کا اسٹارٹ اچھا نہ تھا، میک کیولم اور ولیمسن 33 کے مجموعی اسکور پر پویلین جاچکے تھے۔تیسری وکٹ کی شراکت میں گپٹل اور ٹیلر نے 131رنز جوڑ کر ٹیم کو وننگ ٹریک پر ڈالا،گپٹل نے 105رنز کی اننگز کھیلی،ٹیلر 56رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے،گرانٹ ایلیٹ نے 39رنز بنائے۔میچ کے آخری لمحات سنسنی خیز تھے۔ اینڈرسن ،ویٹوری اور ساؤتھی نے جارحانہ انداز اختیار کیا، اینڈرسن 39رنز بناکر آؤٹ ہوئے، ویٹوری اور ساؤتھی نے نیوزی لینڈ کو 7 گیندیں قبل 3 وکٹوں سے فتح دلادی، نیوزی لینڈ کی ٹیم کوارٹر فائنل میں 21 مارچ کو گروپ بی کی چوتھی پوزیشن کی ٹیم سے مقابلہ کریگی۔