16 مارچ ، 2015
پیرس ......رضا چوہدری....... کشمیرکونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید نے لاہور کے علاقے یوحنا آباد میں دو گرجا گھروں پر دہشت گردوں کے حملے سختی سے مذمت کی ہے اور جاںبحق ہونے والے افراد کے خاندانوں اور زخمیوں کے ساتھ گہری ہمدردی کااظہارکیاہے۔اپنے ایک بیا ن میں انھوں نے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں اور کسی بھی مہذب قوم کے لیے ہر قسم کی دہشت گردی قابل قبول نہیں۔ علی رضا سید نے کہاکہ چونکہ پاکستان مظلوم کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت کرتاہے اوراسکے کشمیرپر اصولی موقف کی وجہ سے دشمن پاکستان کو دہشت گردی کے ذریعے غیرمستحکم کرناچاہتے ہیں۔ حملے پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے انھوں نےکہاکہ اس طرح کے شرمناک حملوں کے ذریعے پاکستان کو کمزورنہیں کیاجاسکتا اور نہ ہی دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے عزم کو کم کیاجاسکتاہے۔علی رضاسید نے کہاکہ دہشت گرد نہ ہی مسلمان ہیں بلکہ وہ انسانیت سے بھی عاری ہیں۔ عیسائی برادری پر حملہ ہو یاپشاور میں سکول کے بچوں کا قتل عام ہو، جس بے دردی سے دہشت گرد عناصر بے گناہ انسانوں کو قتل کررہے ہیں، ہرباشعور انسان اور مہذب معاشرہ ، اس وحشیانہ فعل کی مذمت کررہاہے۔