20 مارچ ، 2015
پیرس..... ر ضا چوہدری.......پاکستان تحریک انصاف اوورسیز انٹرنیشنل کے سینئر رہنما ایڈووکیٹ محمد ندیم یوسف نے جسٹس ریٹائرڈ وجہہ الدین احمد کی تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی الیکشن کے حوالے سے تحقیقاتی رپورٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے دھاندلی کے ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے چیئرمین عمران خان سے کہا کہ وہ اپنے اختیارات استعمال کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے امیج کو مسخ کرنے والے مفاد پرست عناصر کو پارٹی سے نکال باہر کریں۔ اوورسیز پاکستانی ان مفاد پرست عناصر کو پارٹی میں قطعاً نا پسند کرتے ہیں۔ عہدوں کے حصول کے لئے پیسے کا ناجائز استعمال کر کے نہ صرف چیئرمین عمران خان کے ساتھ بلکہ تحریک انصاف کے ورکرز اور ممبران کے اعتماد کو ٹھیس پہنچائی ہے ۔ تحقیقاتی رپورٹ کے منظر عام پر آنے کے بعد دھاندلی میں ملوث افراد کو اخلاقی اقدار کا پاس کرتے ہوئے اپنے پارٹی عہدوں سے مستعفی ہو جانا چاہیے۔