کھیل
24 مارچ ، 2015

ورلڈ کپ :نیوزی لینڈ جنوبی افریقا کو ہراکر فائنل میں پہنچ گیا

ورلڈ کپ :نیوزی لینڈ جنوبی افریقا کو ہراکر فائنل میں پہنچ گیا

آکلینڈ…کرکٹ ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ نےدلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد جنوبی افریقا کو4وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا،جنوبی افریقا کا خواب ایک بار پھر چکنا چور ہوگیا۔بارش سے متاثرہ میچ کو 43،43اوورز تک محدود کردیا گیا تھا،پروٹیز نے 298رنز کاہدف دیا جو کیویز نے 6وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ جنوبی افریقا کے کپتان ڈی ولیئرز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا،پروٹیز کی اننگز کاآغازاچھا نہ رہا اور صرف 31رنز پر اوپننگ جوڑی پویلین لوٹ گئی، ہاشم آملہ 10اور ڈی کوک14رنز بناسکے۔روسوئو 39رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ڈی ولیئرز اور ڈو پلیسی نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 104رنز بنائے، اس موقع پر ڈوپلیسی 82رنز پر ہمت ہار گئے۔ملر نے دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 18گیندوں پر 49رنز بنائے، ڈی ولیئرز نے 45گیندوں پر ناقابل شکست 65رنز بنائے۔یوں جنوبی افریقا نے 43اوورز میں 5وکٹوں کے نقصان پر 281رنز بنائے تاہم ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت کیویز کو جیت کیلئے 298رنز ہدف ملا۔اینڈرس نے 3اور بولٹ نے 2وکٹیں حاصل کیں۔ ہدف کے تعاقب میں کیوی اوپنرز نے عمدہ آغاز فراہم کیا اور صرف 6اوورز میں 71رنز بناڈالے،اس موقع پر کپتان مک کولم 26گیندوں پر 59رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر آئوٹ ہوگئے۔ولیم سن زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور صرف 6رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔گپتل 34اور ٹیلر 30رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ایلیٹ اور اینڈرسن نے پانچویں وکٹ کی شراکت میںتیز رفتار 103رنز بناکر پروٹیز کے حوصلے پست کردیئے۔اینڈرسن تیز کھیلنے کی کوشش میں 58 رنز بناکر آئوٹ ہوگئے۔ایلیٹ نے 73گیندوں پر ناقابل شکست 84رنز بناکر ٹیم کی فتح میں مرکزی کردار ادا کیا۔مورکیل نے 3جبکہ اسٹین اور ڈومینی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

مزید خبریں :