24 مارچ ، 2015
اسلام آباد.......سپریم کورٹ نے کوٹ رادھا کشن از خود نوٹس کیس نمٹا تے ہوئے ٹرائل کورٹ کو ہدایت کی ہے کہ مقدمے کی سماعت کر کے جلد فیصلہ کرے۔ جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بنچ نے کوٹ رادھا کشن میں مسیحی میاں بیوی کو زندہ جلانے کے ازخود نوٹس کیس کی سماعت کی۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب رزاق اے مرزا نے عدالت کو بتایا کہ مسیحی جوڑے کو زندہ جلانے کے واقعہ میں ملوث مزید 25 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے، اب گرفتار ملزمان کی تعداد ایک سو ایک ہو گئی ہے۔ ماتحت عدالت میں ٹرائل جاری ہے۔ عدالت نے ٹرائل کورٹ کی کارروائی کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے از خود نوٹس کسی نمٹا دیا اور قرار دیا کہ ٹرائل کورٹ میں کسی شکایت کی صورت میں متعلقہ فریق جب چاہے سپریم کورٹ سے رجوع کر سکتا ہے۔