24 مارچ ، 2015
اسلام آباد........وزیراعظم نوا ز شریف نے کہا ہے کہ پرائیویٹ لشکروں اور ہتھیار بند جتھوں کا دور اب ختم ہو چکا، دہشت گردوں کو مذہب، فرقے یا سیاست کی پناہ نہیں لینے دیں گے، کل کراچی کا دورہ کروں گا اورکراچی آپریشن میں اچھا کام کرنے والوں کو شاباش دوں گا۔سمندر پار پاکستانیوں کے وفد سے ملاقات میں وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ماضی کی مجرمانہ غفلتوں سے مسائل پیدا ہوئے، ورنہ آج جیسی صورت حال پیدا نہ ہوتی، چیلنجز کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر مقابلہ کر رہے ہیں، ہر شعبہ میں بہتری کے لیے پیش قدمی کر رہے ہیں،مسائل کے حل میں وقت لگے گا، عوام کو ہرمعاملے میں اعتماد میں لیں گے، سیاسی مفادات حائل نہیں ہونے دیں گے، دہشتگردی سے نجات اولین ترجیح ہے،آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گا،پاکستان میں ایک دوسرے کے گلے کاٹنے کی اجازت نہیں دی جائے گی،فوج پورے عزم کے ساتھ دہشتگردی کے خلاف جنگ لڑ رہی ہے، انہیں شاباش دیتا ہوں۔وزیراعظم نے پنجاب کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ممبران قومی اسمبلی سے بھی ملاقات کی،جس میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کراچی میں ہر گزرتے دن کے ساتھ صورت حال بہتر ہورہی ہے،شرپسندوں اور دہشتگردوں کے خلاف آپریشن شروع کرنے کا کریڈٹ مسلم لیگ ن کی حکومت کو جاتاہے۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت کو توانائی کا بحران ورثے میں ملا،حکومت محدود وسائل کے باوجود بحران کے حل کی طرف بڑھ رہی ہے۔