25 مارچ ، 2015
خیرپور ......خیرپور کی تحصیل ٹھری میرواہ میں ٹرک اور مسافر بس کی ٹکر سے13 افراد جاں بحق اور20 سے زیادہ زخمی ہوگئےہیں۔ حادثے کا شکار ہونے والی بدقسمت بس ملتان سے کراچی آرہی تھی۔ایک اور خطرناک حادثہ کئی قیمتیں جانیں نگل گیا۔ منزل تک پہنچنے سے پہلے ہی مسافروں کا سفراس وقت تمام ہوگیا۔ جب ان کی بس مخالف سمت سے آنے والے ٹرک کے عین سامنے سے جا ٹکرائی ،زخمی اور جاں بحق افراد کو ایمبولینسز میں ٹھری میراہ ، خیرپور اور گمبٹ کے اسپتالوں میں منتقل کیا گیا،یہ حادثہ ملتان سے کراچی آنے والی بس کو پیش آیا۔ جو خیرپور اور نواب شاہ کے درمیان مہران ہائی وے کے راستے کراچی آرہی تھی ۔ اطلاعات کے مطابق سڑک خراب ہونے کی وجہ سے بس نے ٹریک بدلا تو مخالف سمت سے آنے والے ٹرک سے تصادم ہوگیا۔فولادی بس کو جس طرح سے نقصان پہنچا اسے دیکھ کر مسافروں کی حالت اور حادثے کے سنگینی کا اندازہ لگایا جاسکتاہے ۔سڑکوں کی زبوں حالی کی وجہ سے ٹریفک حادثات معمول بن چکے ہیں ، لیکن افسوس اور مالی امدادپر اکتفا کرکے نئے حادثے کا انتظار کیا جاتا ہے ۔