پاکستان
25 مارچ ، 2015

وزیراعظم کی صدارت میں امن و امان کی صورت حال پر اجلاس

وزیراعظم کی صدارت میں امن و امان کی صورت حال پر اجلاس

کراچی........کراچی میں وزیراعظم نوازشریف کی صدارت میں امن وامان کا اجلاس نئے انداز میں ہوا۔ وزیراعظم نے کراچی میں جرائم کی شرح کم ہونے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچایا جائےگا۔ وزیراعظم نے فورسز کو شفاف طریقے سے بلاتفریق دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی۔ وزیر اعظم نواز شریف کراچی پہنچے اور پی اے ایف بیس فیصل تک ہی سرگرمیاں محدود رکھیں۔اسٹاک ایکس چینج کی تقریب ایوارڈ کے بعد روایت کے برعکس امن وا مان سے متعلق اجلاس بھی فیصل بیس پر ہی منعقد ہوا۔کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار اور ڈی جی رینجرزمیجر جنرل بلال اکبر نے وزیراعظم کو کراچی میں جاری آپریشن پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈی جی رینجرز نے نائن زیرو پر سرچ آپریشن، گرفتاریوں، برآمد ہونے والے اسلحے اور ملزمان کے مقدمات سے متعلق تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ بعد میں وزیراعلیٰ سندھ بھی اجلاس میں شریک ہوگئے۔گورنر سندھ اجلاس میں موجود نہ تھے۔اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ کراچی میں امن واستحکام جلد بحال ہوجائے گا، وفاقی حکومت قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کامیابی کیلئے ہرممکن مدد فراہم کرتی رہے گی۔ وزیراعظم نے قانون نافذ کرنے اداروں کو خصوصی ہدایات بھی جاری کرتے ہوئےشفافیت کے ساتھ بلاتفریق دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی جاری رکھنے کی ہدایت بھی کی۔ان کا کہنا تھا کہ آخری دہشت گرد کے خاتمے کرکے آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔

مزید خبریں :