پاکستان
25 مارچ ، 2015

عمران خان آئیں،جمہوری اندازمیں ایم کیوایم کامقابلہ کریں،الطاف حسین

 عمران خان آئیں،جمہوری اندازمیں ایم کیوایم کامقابلہ کریں،الطاف حسین

لندن.......متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ مختلف سازشی ہتھکنڈوں کے ذریعے ایم کیوایم کودیوارسے لگایاجارہاہے اوراس کے خلاف زہر اگلا جارہاہے۔ایم کیوایم کروڑوںعوام کی نمائندگی کرنے والی ایک سچی عوامی جماعت ہے ،اسے اوچھے ہتھکنڈوں اورزہریلے پروپیگنڈوںسے ختم نہیں کیا جاسکتا ۔انہوں نے یہ بات ایم کیوایم کے مرکزنائن زیروپر رابطہ کمیٹی، سینٹرل ایگزیکٹوکمیٹی،حق پرست سینیٹرز، ارکان قومی وصوبائی اسمبلی اورتنظیمی شعبہ جات کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ الطاف حسین نے اجلاس میں موجودہ حالات کے مختلف پہلوؤں پرتفصیلی روشنی ڈالی،اور کہاکہ جب جب ایم کیوایم کی مقبولیت اوراس کا تنظیمی کام ملک میں پھیلاہے اس کوروکنے کیلئے سازشی ہتھکنڈے اختیارکئے گئے ۔ اب بھی جبکہ ایم کیوایم کاپیغام کراچی سے نکل کرسندھ کے دیہی علاقوں،پنجاب، بلوچستان، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، آزادکشمیر، شمالی وقبائلی علاقہ جات میں پھیل رہاہے تواس کے خلاف سازشوں کاسلسلہ تیز ہوگیاہے، پاکستان صرف مراعات یافتہ طبقہ کانہیں بلکہ غریب ومتوسط طبقہ کابھی ہے اور ایم کیوایم واحد جماعت ہے جو جاگیرداروں اوروڈیروںکے شکنجے سے پاکستان کوآزادکرکے غریب ومتوسط طبقہ کوان کاپاکستان لوٹاناچاہتی ہے اسی لئے ایم کیوایم کومختلف سازشی ہتھکنڈوں کے ذریعے ختم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اوراسے کمزورکرنے کی سازشیں کی جارہی ہیں،ایم کیوایم ملک میں رائج فرسودہ نظام’’ اسٹیٹس کو‘‘ توڑنا چاہتی ہے اسی لئے وہ تمام قوتیںجوملک میں’’ اسٹیٹس کو‘‘برقراررکھناچاہتی ہیںوہ ایم کیوایم کوختم کرنے کے درپے ہیں۔ جولوگ یہ سوچتے ہیں کہ ظلم وجبر اور سازشی ہتھکنڈوں کے ذریعے ایم کیوایم کوختم کیا جاسکتاہے تووہ یہ سمجھ لیں کہ ایم کیوایم کواللہ نے بنایاہے اوروہی اسے ختم کرسکتاہے، میں نے بارہاکہاہے اورآج پھرکہتاہوںکہ ایم کیوایم میں جرائم پیشہ عناصر کے لئے زیروٹولیرنس ہے، میں دہشت گردی کے خلاف ہوں اورعدم تشددپریقین رکھتا ہوں۔ ہم نے ماضی میں بھی مجرمانہ سرگرمیوںمیںملوث افراکوتحریک سے خارج کیااورآج بھی جرائم پیشہ عناصرکیلئے ایم کیوایم میں کوئی گنجائش نہیں ہے۔ انہوںنے سوال کیاکہ ایم کیوایم کے خلاف توکارروائی کی جارہی ہے لیکن دہشت گردی اور فرقہ وارانہ قتل وفسادات میںملوث کالعدم تنظیموںکے خلاف کیا کارروائی کی گئی؟عمران خان کی جانب سے کراچی میں ایم کیوایم کے خلاف الیکشن لڑنے اوراسے شکست دینے کے اعلان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ میں عمران خان کوفراخدلانہ پیشکش کرتاہوں کہ وہ آئیں اور جمہوری اندازمیں ایم کیوایم کامقابلہ کریں۔ الطا ف حسین نے نائن زیرو پر چھاپے کے دوران ایم کیوایم کے جواں سال کارکن وقاص شاہ کے بہیمانہ قتل کی شدیدمذمت کی اوروزیراعظم نوازشریف اوروزیراعلیٰ سندھ سیدقائم علی شاہ سے مطالبہ کیاکہ وقاص شا ہ شہید اور دیگرشہیدکارکنوں کے ماورائے عدالت کی تحقیقات کرائی جائے اورقتل کے ذمہ دارافراد کوگرفتار کیا جائے ۔ الطا ف حسین نے اندرون سندھ کے مختلف علاقوں میں سندھی نوجوانوں کے ماورائے عدالت قتل کی بھی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہاکہ پہلے بلوچ نوجوانوں کی مسخ شدہ لاشیں مل رہی تھیں اوراب سندھی نوجوانوںکی مسخ شدہ لاشیں پھینکی جارہی ہیں،سندھیوںاورمہاجروںکو ان حالات سے سبق سیکھناچاہیے اورماضی کے تجربات کو سامنے رکھتے ہوئے ظلم کے خلاف آپس میں متحد ہوجانا چاہیے۔انہوں نے رابطہ کمیٹی، ارکان اسمبلی اور تمام تنظیمی شعبہ جات کے ذمہ داروںکواس کڑے اورآزمائش کے دورمیں ثابت قدمی اورجرات وہمت کامظاہرہ کرنے اورعزم حوصلے کے ساتھ تحریکی جدوجہدجاری رکھنے پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

مزید خبریں :