28 مارچ ، 2015
اسلام آباد ......وزیر اعظم نوازشریف کی ہدایت پر یمن میں محصور پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لیے پی آئی اے نے2 طیاروں کا انتظام کیا ہے۔صنعا میں سفارت خانے اور ایوی ایشن کی کلیئرنس کے بعد طیارے روانہ ہوں گے ۔وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ ہمارے دل مشکل میں گھرے پاکستانی بہن بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔وزیر اعظم کی ہدایت پر یمن میں محصور پاکستانیوں کے انخلا کے لیے جامع پلان تشکیل دیاگیا ہے ،یمن میں ریاستی ڈھانچہ تباہ ہونے کے باعث اکثر ائر پورٹس قابل استعمال نہیں، پہلے پاکستانیوں کو قافلوں کی صورت میں یمن کے ہمسایہ ممالک لے جایا جائے گا جہاں سے پی آئی کی پرواز سے انہیں وطن واپس لایا جائے گا ۔ ۔وزیر اعظم نے یمن میں مقیم پاکستانیوں کا تحفظ یقینی بنانےسمیت متعلقہ حکام کو صورتحال سے مسلسل آگاہ رکھنے کی ہدایت کی ہے، ترجمان وزیر اعظم ہاوس کے مطابق وزیرا عظم خود صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں۔