30 مارچ ، 2015
کراچی..........یمن سے واپس کراچی اپنے گھر پہنچنے والے عمران غوری کا کہنا ہے کہ ایسا لگ رہا ہے جیسے کہ مجھے دوبارہ زندگی ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ حکومت پاکستان اور میڈیا کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔ یو پی موڑ کا رہائشی عمران خان غوری جب اپنے گھر پہنچا تو اس کے والدین اس سے لپٹ گئے، عمران کی آمد کی خوشی میں گھر کو بھی خوبصورتی سے سجایا گیا تھا اور چھوٹے بڑے سب ہی خوشی سے پھولے نہیں سما رہے تھے۔ اس موقع پر عمران کا کہنا تھا کہ وہ اپنی خوشی کو لفظوں میں نہیں بیان کرسکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان نے اس موقع پر اہم کردار ادا کیا ہے، جبکہ میڈیا کا کردار بھی قابل تحسین ہے۔ عمران کی والدہ کا کہنا ہے کہ بیٹے کی بحفاظت واپسی پر انہوں نے اللہ کے حضور شُکرانے کے نوافل ادا کئے، عمران کے بچوں کا کہنا تھا کہ وہ اپنے ابو کو یاد کرکے روتے تھے اور وہ گزشتہ 3،4 دنوں سے جاگ رہے تھے۔ اس موقع پر اہلخانہ نے ایک دوسرے کو مٹھائی کھلائی اور پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔