31 مارچ ، 2015
میڈریڈ ......اسپین میں دنیا کا خطرناک ترین فٹ پاتھ تزئین و آرائش کے بعد عوام کیلئے کھول دیا گیا ہے،ویسے تو راستے سفر میں آسانی کیلئے بنائے جاتے ہیں لیکن کچھ راہیں ایسی بھی ہوتی ہیں جن پر سفر کرنے کاتصور ہی بڑے بڑوں کے چھکے چھڑانے کیلئے کافی ہے ۔ اسپین کے صوبے ملاگا میں واقع کمینیٹو ڈیل رے فٹ پاتھ کا شمار بھی دنیا کے خطرناک ترین فٹ پاتھ میں کیا جاتا ہے، جسے اب4 ملین ڈالر کی تزئین و آرائش کے بعد عوام کیلئے کھول دیا گیا ہے۔1905 ءمیں تعمیر کیے جانے والے 110سال پرانے اس فٹ پاتھ کی اونچائی ایک ہزار فٹ کے قریب ہے جبکہ چوڑائی 3فٹ 2انچ ہے۔4کلو میٹر طویل یہ فٹ پاتھ دریاکے اوپر سے گزر کر 2 پاور پلانٹس کو آپس میں ملاتا ہے ۔ 15برس بعد دوبارہ کھلنے والے اس فٹ پاتھ پرجانے کیلئے روزانہ 600سیاحوں کو ٹکٹ جاری کئے جائینگے جبکہ جولائی تک کے ٹکٹس کی ایڈوانس بکنگ پہلے ہی کی جاچکی ہے۔