31 مارچ ، 2015
اسلام آباد ........یمن کی صورتحال پر بات چیت کیلئے وزیر دفاع خواجہ آصف کی قیادت میں پاکستانی وفد سعودی عرب روانہ ہوگیا۔خواجہ آصف کاکہنا ہے کہ سعودی عرب کی سالمیت کو خطرہ ہوا تو تمام وسائل فراہم کرینگے ۔ وزیر دفاع خواجہ آصف کی زیرقیادت وفد میں قومی سلامتی و خارجہ امور کیلئے وزیراعظم کے مشیر سرتاج عزیز ، چیف آف جنرل سٹاف لیفٹیننٹ جنرل اشفاق ندیم ، ڈپٹی چیف آف نیول آپریشنز ریئر ایڈمرل کلیم شوکت، ڈپٹی چیف آف ایئر اسٹاف آپریشنز ایئر وائس مارشل مجاہد انور اور ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز میجر جنرل عامر ریاض بھی شامل ہیں۔ پاکستانی وفد ریاض میں سعودی حکام سے یمن کی صورتحال اور سعودی عرب کی سلامتی سے متعلق امور پر بات چیت کریگا۔وفد دونوں ملکوں میں امن کی بحالی کیلئے او آئی سی کی کوششیں تیز کرنے کی سفارش بھی کریگا ۔ سعودی عرب روانگی سے قبل خواجہ آصف نے جیو نیوز سے بات چیت میں کہاکہ پاکستان مسلم دنیا میں انتشار کاخاتمہ چاہتا ہے ، امن اور اتحاد سے تنازع کے حل کی حمایت کرتے ہیں ،سعودی عرب کی سالمیت کو خطرہ ہوا تو تمام وسائل فراہم کرینگے ۔ وفد بدھ کووطن واپس آئیگا ۔ پاکستان کااعلی ٰسطح کاوفد سعودی عرب بھیجنےکافیصلہ وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت اجلاس میں کیاگیا۔