31 مارچ ، 2015
اسلام آباد.........اہل سنت والجماعت کے سربراہ علامہ احمد لدھیانوی نےکہا ہے کہ سعودی عرب پاکستان کا دوست ملک ہے جبکہ ایران ایک ہمسایہ، دوست اور پڑوسی کی لڑائی میں ہمیں بھاری قیمت ادا کرنا پڑےگی ، یمن بحران میں ایسی غلطی نہ کی جائے جس کے نتائج دیر تک بھگتنا پڑیں ۔ اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کے دوران اہل سنت والجماعت کے سربراہ علامہ محمد احمد لدھیانوی نے کہا کہ پاکستان میں ایک طرف دفاعی ادارے بیرونی و اندرونی خطرات سے نمٹنے کےلیے نبرد آزما ہیں اور دوسری جانب یمن کا بحران پیدا ہو گیا ہے ،ریاستی ادارے، مذہبی جماعتیں اور سول سوسائٹی سب پریشان ہیں ، حکومت ایسی غلطی نہ کرے جس کے نتائج دیر تک بھگتنا پڑیں۔علامہ محمد احمد لدھانیوی نے کہا کہ حرمین الشریفین کی حفاظت کی لیے کسی قربانی سے دریخ نہیں کیا جائے گا، پاکستان، سعودی عرب، ترکی اور مصر کے ساتھ مل کر مذاکرات کے ذریعے معاملے کا پرامن حل نکالے۔علامہ محمد احمد لدھیانوی کا کہنا تھا کہ جس طرح یمن کےخلاف 40 ملکوں نے اتحادی فوج بنائی ہے ، اسی طرح اسرائیل کےخلاف بھی بنائی جائے اور فلسطین کو آزاد کرایا جائے۔