پاکستان
01 اپریل ، 2015

حکومت یمن کی صورت حال پر کل جماعتی کانفرنس بلائے، اپوزیشن

حکومت یمن کی صورت حال پر کل جماعتی کانفرنس بلائے، اپوزیشن

کراچی.......حکومت یمن کے معاملے پر انفرادی فیصلوں کے بجائے آل پارٹیز کانفرنس بلائے، آصف زرداری کی زیر صدارت اپوزیشن رہنماؤں کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔ بلاول ہاؤس کراچی میں اپوزیشن جماعتوں کےرہنماؤں کااجلاس ہوا۔ جس کی صدارت سابق صدر آصف زرداری نے کی۔ اجلاس میں اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی، سینیٹر شاہی سید، ایم کیو ایم کے ڈاکٹر فاروق ستار، سید سردار احمد، جمعیت علمائے اسلام ف کے مولانا علیم ہالیجوی، راشد محمود سومرو ، بی این پی عوامی کے اسرار اللہ زہری نے شرکت کی۔ اجلاس میں یمن اورخلیج کی صورتحال پرگفتگو کی گئی۔ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ ہم مفاہمت اور بات چیت پر یقین رکھتے ہیں،آج پوری مسلم دنیا میں آگ لگی ہوئی ہے۔آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ وہ تحریک انصاف سمیت تمام اپوزیشن جماعتوں سے اس معاملے پر بات کرنا چاہتے ہیں۔ ایم کیو ایم کے رہ نماء ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ یمن کا مسئلہ صرف خطے کے امن و استحکام کا نہیں، عالمی برادری کو اس پر سوچنا چاہیے۔ مشترکہ اعلامیے کے مطابق حکومت یمن کی صورتحال اور اس کے پاکستان پر اثرات کے معاملے پر آل پارٹیز کانفرنس اور پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلائے، حکومت انفرادی فیصلے کے بجائے معاملہ افہام و تفہیم سے حل کرے۔

مزید خبریں :