پاکستان
04 اپریل ، 2015

سرکاری اسکیم کے تحت حج درخواستیں 15 سے 23 اپریل تک

سرکاری اسکیم کے تحت حج درخواستیں 15 سے 23 اپریل تک

اسلام آباد.....وزارت مذہبی امور کاکہنا ہے کہ سرکاری اسکیم کے تحت حج درخواستیں 15 سے 23 اپریل تک دی جا سکیں گی، درخواستوں کی منظوری پہلے آئیے پہلے پائیے کی بجائے قرعہ اندازی سے ہو گی۔ وزارت مذہبی امور کے حکام نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کو حج پالیسی 2015ء پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کامیاب درخواست دہندگان کا اعلان قرعہ اندازی کے بعد 28اپریل کو کیا جائے گا۔ اس سال کوئی مفت حج نہیں ہو گا،حج پیکیج گزشتہ سال کے برابر یا کم رکھا جائے گا، ایئر لائنز نے کرایہ کم رکھا تو پیکیج سستا ہو جائے گا۔ اگر کرایہ کم نہ ہوا تو حج پیکیج پچھلے سال جتنا ہی ہو گا۔ گزشتہ سال خیبر پختونخوا اور پنجاب کے لیے حج پیکیج 2 لاکھ 73 ہزار روپے جب کہ کراچی، کوئٹہ اور سکھر کے لیے 2 لاکھ 63 ہزار روپے تھا۔ وزارت مذہبی امو ر کے حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ سستا حج پیکیج دینے والے ٹور آپریٹرز کو مجموعی کوٹے کا 2فیصد دینے کی تجویز ہے۔ پی آئی اے کو تیل کی قیمتیں کم ہونے کے تناسب سے نیا کرایہ نامہ تیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پی آئی اے نے شمالی ریجن کے لیے 1 لاکھ 7 ہزار 7سو روپے کرایہ تجویز کیا جبکہ وزارت نے 89 ہزار روپے کرایہ تجویز کیا ہے۔ پی آئی اے نے جنوبی ریجن کے لیے 97 ہزار 7 سو کرایہ تجویز کیا جبکہ وزارت نے یہ کرایہ 80 ہزار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

مزید خبریں :