09 اپریل ، 2015
لاہور.......لاہور میں سرکاری اسپتالوں کے ینگ ڈاکٹرز اپنے مطالبات کی حمایت میں سڑکوں پرنکل آئے۔مال روڈ سمیت شہر کی بڑی شاہراہوں پر ٹریفک بلاک کر دی ۔ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کی ہڑتال کی کال پرسرکاری اسپتالوں کے ینگ ڈاکٹرزکام چھوڑ کر سڑکوں پر نکل آئےاور اپنے مطالبات کی حمایت میں احتجاجی مظاہرے کیے ،،میواسپتال اور گنگارام کے ینگ ڈاکٹرز نے مال روڈ پر چیئرنگ کراس پر دھرنا دے دیا جس سے مال روڈ پر ٹریفک بری طرح متاثر ہوئی ۔سروسز اسپتال اور پی آئی سی کے ینگ ڈاکٹرزنے جیل روڈ اور کینال روڈ جبکہ جنرل اسپتال کے ینگ ڈاکٹرز نے فیروز پور روڈ کو بلاک کر رکھا ہے ۔ان کا رہنماؤں کا کہنا ہے کہ مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھا جائے گا۔ ڈاکٹرز کے مطالبات میں سروس اسٹرکچر کا نفاذ،تنخواہوں میں اضافے اور اسپتالوں میں علاج معالجے کی سہولتوں میں بہتری شامل ہیں ،،ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال اور ٹریفک جام سے شہری ، مریض اور ان کے رشتے دار شدید مشکلات کا شکار ہیں ۔