09 اپریل ، 2015
کراچی......کراچی میں عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی کا کاررواں جناح گراؤنڈ پہنچا۔عمران خان کے ہمراہ ان کی اہلیہ ریحام خان اور دیگررہنمابھی موجود تھے۔ اس موقع پر ایم کیو ایم کی جانب سے ان کا استقبال کیا گیا۔ ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ اس موقع پر ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی جانب سے ان کیلئے تحائف سونے کا سیٹ اور قمیض شلوار نہ دیئے جاسکے۔ عمران خان کے ہمراہ جہانگیر ترین،عمران اسماعیل، علی زیدی، اسد عمر اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ عمران خان کے جناح گراؤنڈ پہنچنے پر ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار، خالد مقبول صدیقی، حیدرعباس رضوی، وسیم اختر کے علاوہ اس حلقے سے ایم کیو ایم کے امیدوار کنور نوید جمیل بھی استقبال کیلئے موجود تھے۔ تمام رہنماؤں نے آپس میں مصافحہ کیا۔ پی ٹی آئی کے امیدوار عمران اسماعیل سے کنور نوید جمیل خوشگوار موڈ میں ملے۔اس موقع پر ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر عمران خان اور ان کی اہلیہ کے استقبال کیلئے انتظامات کیے گئے تھے تاہم عمران خان جناح گراؤنڈ سے ہی واپس چلے گئے جس کی وجہ سے انہیں اور ان کی اہلیہ ریحام خان کو ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی جانب سے تحائف بھی نہیں دیئے جاسکے۔ اس موقع پر ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی کے کارکنوں نے نعرے بازی شروع کردی اور ان کی آپس میں ہاتھا پائی بھی ہوئی ہے۔ تصادم کی کیفیت سامنےآئی ہے جس کے دوران پتھراؤ کیا گیا اور ایک دوسرے پر ڈنڈے چلائے گئے۔اس صورتحال کی وجہ سے بھگدڑ مچ گئی۔اس سے قبل عمران خان کے کارواں کے راستے میں لوگوں کی جانب سے استقبال اور خیرمقدمی نعرے لگائے گئے۔ عمران خان نے گاڑی کی چھت پر آکر جواب دیا۔کراچی میں عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی کی حلقہ این اے 246 میں انتخابی ریلی پی ٹی آئی کی ریلی اور عمران خان کی آمد کے موقع پر سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے۔ کریم آباد،غریب آباد اور لیاقت آباد میں دکانیں اور پٹرول پمپس بند ہیں۔ شاہراہ پاکستان بھی ٹریفک کیلئے بند کردی گئی۔ عمران خان کا کہنا ہے کہ خوف کا ماحول توڑنے نکلے ہیں۔