06 مئی ، 2012
کوئٹہ … بلوچستان کے 3اضلاع کوئٹہ، پشین اور قلعہ عبداللہ میں انسداد پولیو کی 3 روزہ خصوصی مہم کل سے شروع کی جارہی ہے اور اس مہم کے دوران 7 لاکھ، 24 ہزار 43 بچوں کو پولیو سے بچاوٴ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ صوبائی پروگرام منیجر ای پی آئی ڈاکٹریوسف بزنجو نے جیو نیوز کو بتایا کہ کوئٹہ، پشین اور قلعہ عبداللہ کو پولیو کے حوالے سے انتہائی ہائی رسک اضلاع قرار دیا گیا ہے اور مہم کے دوران تینوں اضلاع میں 7 لاکھ، 24 ہزار 43 بچوں کو پولیو سے بچاوٴ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیاگیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مہم کے دوران 1 ہزار 589 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں اور تینوں اضلاع میں پولیو سے بچاوٴ کے قطرے پلانے کیلئے 188 مقامات مقرر کئے گئے ہیں۔ ڈاکٹر یوسف بزنجو نے بتایا کہ انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانے کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ دوسری جانب ڈپٹی کمشنر کوئٹہ ہاشم غلزئی کا کہنا ہے کہ کل سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کے تمامتر انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں، پولیو مہم سے متعلق کوئٹہ کو 32زونز میں تقسیم کیا گیا ہے جس کیلئے 889 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ ڈی سی کوئٹہ کا کہنا ہے کہ مہم کے دوران انسداد پولیو کی ٹیموں کی سیکیورٹی کیلئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔