11 اپریل ، 2015
پشاور......پاکستان تحریک انصاف کے بعد جماعت اسلامی نے بھی انتخابات میں دھاندلی کے حوالے سے جوڈیشل کمیشن سے رجوع کرنے کا اعلان کردیا۔پشاور میں اسلامی جمعیت طلبا کے کنونشن میں میڈیا سے گفت گو کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے بتایا کہ جماعت اسلامی کراچی میں انتخابی دھاندلی کے ثبوت جوڈیشل کمیشن کو دے گی۔ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم نے ہمارے کارکنوں پر حملے کئے۔الیکشن کمیشن اور سندھ حکومت ایم کیو ایم کی غنڈہ گردی کا نوٹس لیں۔قبل ازیں کنونشن سے خطاب میں سراج الحق نے کہا کہ 82 فی صد جماعت اسلامی کے کارکن اسلامی انقلاب کے لئے جمہوری نظام کو درست سمجھتے ہیں لیکن اس طریقہ کار کی وجہ سے ابھی تک کامیابی نہیں ملی۔جماعت اسلامی شخصیات کے گرد نہیں گھومتی بلکہ نظریہ اور پروگرام پر یقین رکھتی ہے۔جماعت کے پاس رضاکاروں کا بڑا گروہ ہے۔کسی مسلک سے بالاتر ہوکر کام کرتے ہیں۔سراج الحق نے بلدیاتی انتخابات تحریک انصاف کے ساتھ مل کرلڑنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔