17 اپریل ، 2015
میرپور .....بنگلادیش نے پاکستان کو پہلے ایک روزہ مقابلے میں جیت کیلئے 330رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دیدیا ہے ۔ بنگلادیش ہوم سیریز کے پہلے مقابلے میں تمیم اقبال اور مشفق الرحیم کی شاندار سنچریوں کی بدولت پاکستان کیخلاف سب سے بڑا اسکور بنانے میں کامیاب ہوگیا ہے۔میزبان ملک کی پہلی وکٹ 48کے اسکور پر گری جب سومیا سرکار کو20کے انفرادی اسکور پر وہاب ریاض نے رن آئوٹ کیا ۔اس کے بعد محمود اللہ 67کے مجموعی اسکور پر راحت کی گیند پر بولڈ ہوئے، انہوں نے 5رنز بنائے ۔اس کے بعد تمیم اقبال اور مشفق الرحیم نے 178رنز کی شراکت قائم کی ۔اس دوران گرائونڈ کے چاروں طرف شاندار اسٹروک کھیلنے والے تمیم اقبال نے سنچری مکمل کی ۔انہوں نے مجموعی طور پر 135گیندوں پر 3چھکوں اور 15چوکوں کی مدد سے 132رنر کی اننگ کھیلی ،وہ 245رنز کے مجموعی اسکور پر وہاب ریاض کا شکار بننے ۔ان کے آئوٹ ہونے کے بعد تیزی سے رنز بنانے والے مشفق الرحیم نے بھی سنچری بنالی، وہ 77گیندوں پر 106رنز بناکر وہاب کو وکٹ دے بیٹھے۔ وہاب ریاض کااگلا شکار15رنز بنانے والے شبیر رحمان بنے جبکہ کپتان شکیب الحسن کی وکٹ بھی وہاب کے حصے میں آئی جنہوں نے اسکور میں 31رنز کا اضافہ کیا۔پاکستان کی طرف سے وہاب ریا ض نے 10اوورز میں 59رنز دے کر 4جبکہ راحت علی نے 56رنز دے کر ایک وکٹ اپنے نام کی ،پاکستان کی طرف سے سب سے مہنگے بالر سعید اجمل رہے جنہوں نے بنا کسی وکٹ حاصل کئے، 10اوورز میں 74رنز دئیے۔ پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان جاری سیریز کے تمام مقابلے پاکستان کے پہلے اسپورٹس چینل جیو سوپر پر براہ راست نشر کئے جارہے ہیں۔