دلچسپ و عجیب
21 اپریل ، 2015

اسپین: 13سالہ طالب علم نے پروفیسر کو تیر کمان سے قتل کیا

اسپین: 13سالہ طالب علم نے پروفیسر کو تیر کمان سے قتل کیا

بارسلونا.......شفقت علی رضا.......بارسلونا کے علاقے لاساگاریرا کے محلہ ناباس کے ایک ہائی سکول کے دوسرے سال میں زیر تعلیم طالبعلم نے ایک پروفیسر کو قتل، دو پروفیسرز اور 2 ساتھی طالبعلموں کو زخمی کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق 13سالہ طالبعلم صبح 9بجکر 15 پر کلاس روم پہنچا اور اپنے پروفیسر کو کلاس روم میں داخل ہونے کیلئے دروازہ کھولنے کا کہا۔ پروفیسر کے دروازہ کھولنے پر طالبعلم نے گھر میں تیارکردہ ’’تیر کمان‘‘ سے ایک تیر پروفیسر کی طرف چھوڑا جو کہ اس کے چہرے پر لگا۔ اس صورت حال کو دیکھ کر کلاس روم میں دوسرے اسٹوڈنٹس نے شور مچانا شروع کر دیا جبکہ حملہ کرنے والے طالبعلم نے ایک مائع محلول کی بوتل نکال کر پروفیسر کو آگ لگا دینے کی دھمکی دی جس پر کلاس روم میں موجود طلبا چیخ وپکار کرتے ہوئے کلاس روم سے باہر دوڑ پڑے۔ اس دوران طالبعلم نے زخمی پروفیسر کی بیٹی پر بھی حملہ کر دیاجس کی ٹانگ پر زخم آئے ہیں۔ شور شرابا سن کر ساتھ والی کلاس میں موجود ٹیچر باہر نکلی جس پر طالبعلم نے خنجر سے حملہ کر دیا جس کے باعث وہ زخمی ہوگئی۔ اسکول سے باہر نکلنے کی کوشش میں طالبعلم نے سیکیورٹی پر مامور ایک اور استاد پر حملہ کیا جس سے اس کے کان پر زخم آئے۔ طالبعلم کی عمر 13سال ہونے کے سبب، وہ کسی بھی قسم کے مقدمے کا سامنا نہیں کر سکے گا۔ کمسن مجرموں کا قانون 14سال سے زائد اور 18سال سے کم عمر بچوں پر مقدمہ چلانے کی اجازت دیتا ہے۔ پولیس کے مطابق کمسن مجرم کا نفسیاتی ڈاکٹر سے علاج معالجہ کرایا جائے گا۔

مزید خبریں :