دنیا
08 مئی ، 2012

پاکستان کی سرزمین دہشت گردی کیلئے استعمال نہ ہو، ہیلری

پاکستان کی سرزمین دہشت گردی کیلئے استعمال نہ ہو، ہیلری

نئی دہلی …امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن نے کہا ہے کہ پاکستان کی سرزمین دہشت گردی کے لئے استعمال نہیں ہونی چاہیے جبکہ بھارتی وزیر خارجہ ایس ایم کرشنا کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاکستان کو اقدمات کرنا ہوں گے۔نئی دہلی میں بھارتی ہم منصب ایس ایم کرشنا کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اس بات کو یقینی بنائے کہ اس کی سرزمین کسی اور ملک کیخلاف استعمال نہ ہو۔ہیلری کلنٹن نے ایک بار پھر ممبئی حملوں کا ذمہ دار حافظ محمد سعید کوٹھہراتے ہوئے کہا کہ ان کے سر کی قیمت مقرر کرنا امریکا کی دہشت گردی کے خلاف سنجیدگی کو ظاہر کرتا ہے۔ہیلری کلنٹن کا کہنا تھا کہ دہشت گرد خواہ دنیا کے کسی خطے میں موجود ہوں اُن کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے۔ہیلری کلنٹن نے مزید کہا کہ ایران پابندیوں کے بغیر مذاکرات پر آمدہ نہیں ہوسکتا،عالمی برادری نے دباوٴ کم کیا تو اس کے سخت منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے ایک بار پھر بھارت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ امید ہے بھارت ایران کے ساتھ تیل کی خریدو فروخت کم کرے گا۔پریس کانفرنس سے خطاب میں بھارتی وزیر خارجہ ایس ایم کرشنا کا کہنا تھا کہ امریکا سے پاکستان کے معاملے پر بات چیت ہوئی ہے۔دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاکستان کو اقدامات کرنا ہوں گے۔ان کا کہنا تھا کہ کابل میں حالیہ دھماکے پڑوس ملک میں واقع دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے ہوئے ہیں۔

مزید خبریں :