26 جنوری ، 2012
ماسکو … روس نے کہا ہے کہ وہ شام کیخلاف پابندیاں عائد کرنے کے لیے اقوام متحدہ کی کسی بھی قرارداد کی مخالفت کرے گا۔روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف کا کہنا تھا کہ روس شام کے خلاف یورپی یونین اور امریکا کی جانب سے عائد کردہ یک طرفہ پابندیوں کی اقوام متحدہ سے منظوری کے لیے حمایت نہیں کرے گا۔ان کا کہنا تھا کہ یہ پابندیاں روس یا چین کے ساتھ مشاورت کے بغیر عائد کی گئی ہیں۔ یہ غیر منصفانہ ہیں اور ان کا جوابی ردعمل بھی ہوگا، ہم تشدد کے خاتمے کی غرض سے تعمیری تجاویز پر بات چیت کے لیے تیار ہیں۔انھوں نے کہا کہ روس اقوام متحدہ میں حال ہی میں پیش کردہ اپنی قرارداد میں تبدیلیوں کے لیے تیار ہے جس میں شامی حکومت اور حزب اختلاف دونوں ہی کو تشدد کے واقعات کا ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔سرگئی لاروف نے واضح الفاظ میں کہا کہ روس ایسی کسی قرارداد کی حمایت نہیں کرسکتا ،جس کے نتیجے میں شام کے خلاف بیرونی فوجی مداخلت کی راہ ہموار ہو سکتی ہو۔